گوہاٹی،11؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)گوہاٹی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اجیت سنگھ ان دنوں آرٹ آف لیونگ کے بانی شری شری روی شنکر کے ساتھ ایک تصویر کو لے کر سوالات میں گھرے ہیں۔مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، تصویر 5ستمبرکی ہے، جب شری شری روی شنکر شمال مشرقی کے اصل باشندوں پر منعقدہ ایک کانفرنس میں حصہ لینے گوہاٹی پہنچے تھے۔یہاں چیف جسٹس اجیت سنگھ نے انہیں ہوائی اڈے میں لینے آئے اور خود کار ڈرائیوکرکے انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔
چیف جسٹس کے اس قدم پرگوہاٹی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سخت اعتراضات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے ہائی کورٹ کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو میٹنگ میں بھی یہ موضوع اٹھا اور خبروں کی مانیں تو ایسوسی ایشن اس سلسلے میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے شکایت کرنے پر غور کر رہا ہے۔بتا دیں کہ آسام دورے پر گئے شری شری روی شنکر نے وہاں ایسے انڈر گراؤنڈ عسکریت پسند گروپوں کے لئے امن عمل میں حصہ لینے کی خواہش ظاہر کی تھی، جو مرکزی دھارے میں واپس لوٹنا چاہتے ہیں۔وہیں آسام کے وزیر اعلی سرباند سونووال نے عسکریت پسندوں کے تشدد کا راستہ چھوڑنے اور معاشرے سے واپس جڑنے کے لیے شری شری روی شنکر کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔